راو دلشاد: وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں صفائی کا دیرپا اور یکساں نظام رائج کیا جا رہا ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ میں ابتدا میں کچھ چیلنجز ہوسکتے ہیں تاہم ایک دفعہ سسٹم بن گیا تو پھر آسانی ہوگی۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی آفس میں صوبہ بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے سی ای اوز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقی یافتہ ممالک جیسا صفائی کا نظام لانا وقت کی ضرورت ہے۔ آبادی میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا نظام لا رہے ہیں جس میں دنیا کے کامیاب نظام ہائے کو سامنے رکھا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران پنجاب بھر میں صفائی کا نظام آئوٹ سورس کرنے کے نظام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور نجی کمپنیوں کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے نجی کمپنیوں کے نمائندوں کو وزیراعلی مریم نواز شریف کے مقرر کردہ اہداف سے آگاہ کیا۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے واضح کیا کہ آئوٹ سورسنگ کا مقصد شہریوں کو صفائی کی موثر اور دیرپا سہولت مہیا کرنا ہے۔ معمولی فیس کے عوض صفائی ستھرائی کی معیاری خدمات ملنے سے شہریوں کو مستقل آسانی ملے گی۔
منتخب ہونے والی نجی کمپنیوں کو ہر موڑ پر سہولیات دیں گے جبکہ اس تمام عمل کی نگرانی محکمہ لوکل گورنمنٹ کرے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ہم پنجاب میں صفائی کا ایسا نظام وضع کرنا چاہتے ہیں جو مستقبل میں بھی برقرار رہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فیس کولیکشن کا نظام بالکل آسان اور عوام دوست رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صفائی کے عمل میں شامل کئے بغیر کوئی بھی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف شہروں اور دیہات میں صفائی کا یکساں اور معیاری نظام چاہتی ہیں۔ انشااللہ شہریوں کے تعاون سے وزیراعلی کے صفائی ماڈل کو کامیاب بنائیں گے۔