ویب ڈیسک: ورلڈ اور ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے احسن رمضان کو لاہورپولیس نے مبینہ طور پر حراست میں لے کر حوالات میں بند کردیا۔
اسنوکر چیمپئن احسن رمضان ٹاؤن شپ کے علاقے میں اسنوکر اکیڈمی میں آئندہ ایونٹس کی ٹریننگ کے لیے دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ موجود تھے جس پر گرین ٹاؤن تھانے کی پولیس نے رات گئے تک اسنوکر کلب کھلا رکھنے کی وجہ سے چھاپہ مارا اور مبینہ طور پر احسن رمضان کو ساتھ تھانے لےجانے کاکہا۔
احسن رمضان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ میں ورلڈ چیمپئن ہوں تو وہ کہتے کہ ہمارے اوپر کون سا احسان کیا ہے، بند کرو اور غلیظ گالیاں دیں، ہمیشہ اپنے ملک کا نام روشن کرنے کے لیے کوشش کی اور کامیاب بھی ہوا لیکن مجھے کیا پتا تھا میرے ملک میں ہی مجھے ذلیل و رسوا کیا جائے گا۔ بعد ازاں ان کے قریبی دوست کے تھانے پہنچنے پرانہیں حوالات سے نکالا گیا۔
ورلڈ اور ایشین چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے احسن رمضان واقعہ کی روداد سناتے ہوئے رو پڑے۔ورلڈ چیمپئن احسن رمضان کی حوالات کے باہر بیلٹ پہنتے ہوئے کی تصاویر دیکھی جاسکتی ہیں۔ احسن رمضان نے وزیر اعظم شہباز شریف اور آئی جی پولیس پنجاب سے اپیل کی ان کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔