نذیر چوہان کے معافی مانگنے پر شہزاد اکبر کا ردعمل آگیا

3 Aug, 2021 | 04:49 PM

ویب ڈیسک: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب اور داخلہ شہزاد اکبر نے ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو معاف کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہزاد اکبر نے سٹامپ پیپر پر صلح نامہ بھی تحریر کر دیا ہے، انہوں نے اپنے تحریر کردہ اور دستخط شدہ  بیان حلفی میں کہا ہے کہ نذیر چوہان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ایم پی اے نذیر چوہان کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران ایڈیشنل سیشن جج نے حکم دیا کہ شہزاد اکبر خود عدالت میں پیش ہو کر ملزم کو معاف کریں، جس پر ان کے وکیل نے بتایا کہ شہزاد اکبر پیش نہیں ہو سکتے۔ شہزاد اکبر کے وکیل نے فریقین میں صلح نامہ کی تصدیق کی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ شہزاد اکبر ایک نمائندہ مقرر کریں جو پیش ہو کر ملزم کو معافی دے۔ اس کے بعد عدالت نے شہزاد اکبر کا مختار عام مقرر کرنے کے لیے مہلت دے دی۔ عدالتی ہدایت کے بعد پی ٹی آئی کے ایم پی اے نذیر چوہان کی درخواست  ضمانت پر سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

یاد رہے کہ مئی کے وسط میں شہزاد اکبر نے لاہور کے تھانہ ریس کورس میں ایک درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ نذیر چوہان نے ایک ٹی وی چینل پر بیٹھ کر ان کے عقیدے سے متعلق ایسی بات کی ہے جس سے ان کی اور ان کے اہلخانہ کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔پولیس نے 29 مئی کو تحریک انصاف کے ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف ہتک عزت، مذہبی عقیدے کو نقصان پہنچانے اور قتل کی دھمکیوں سمیت پانچ الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

مزیدخبریں