ویب ڈیسک : ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے ٹیرف کی درخواست پر سماعت چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیرِ صدارت ہوئی۔ ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے 2025 تک 5 سال کے لیے بجلی کا ٹیرف جاری کرنے کی درخواست دائر کر دی۔
کے-الیکٹرک کی نیپرا کو ساڑھے 5 ارب روپے کا بوجھ صارفین پر منتقل کرنے کی درخواست دیدی ،چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے سی ای او میپکو اکرام الحق سے استفسار کیا کہ آپ کو 5 سالہ ٹیرف کیوں جاری کیا جائے؟ میپکو کی بجلی کی ڈسٹری بیوشن کا لائسنس تو مارچ 2022ء میں ختم ہو جائے گا؟میپکو کے سی ای او اکرام الحق نے جواب دیا کہ ہم لائسنس میں توسیع کے لیے اپلائی کر دیں گے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ 5 سالہ ٹیرف سے قبل میپکو کی نجکاری ہو جائے، پیک آورز میں بجلی کے صارفین کو پریشانی نہیں ہونی چا ہئے،میپکو اپنے بجلی کے منصوبوں میں تاخیرپرقابوپائے۔سی ای او میپکو نے جواب دیا کہ ہمارے پاس 1 لاکھ 52 ہزار بجلی کے کنکشن زیرِ التواء ہیں۔
چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ اتنے زیادہ کنکشن زیرِ التواء کیوں ہیں، یہ بڑی ناکامی ہے؟ بجلی ہو اور کنکشن نہ دیئےجائیں، ایسے کام نہیں چلے گا، ہم ایسی بجلی کی قیمت دے رہے ہیں جو استعمال نہیں ہوتی۔