اداکار شہریار منور نے ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھ دیا

3 Aug, 2021 | 09:09 AM

Sughra Afzal

گلبرگ (زین مدنی)'ہو من جہاں اور پرے ہٹ لو' جیسی فلموں میں اداکاری اور انہیں پروڈیوس کرنے کے بعد اداکار شہریار منور نے ہدایت کاری بھی شروع کردی۔

شہریار منور نے تقریبا ایک دہائی قبل بطور اداکار کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے متعدد کامیاب ڈراموں اور کمائی کے نئے ریکارڈز بنانے والی فلموں میں کام کیا، شہریار منور نے اداکاری کے ساتھ ساتھ فلموں اور ڈرامے کے شریک پروڈیوسر بھی رہے ہیں، تاہم اب انہوں نے اب ہدایت کاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا۔

شہریار منور نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی آنے والی پہلی شارٹ فلم 'پرنس چارمنگ' کی جھلک شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ بطور ہدایت کار مذکورہ فلم ان کی پہلی مووی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی مختصر فلم 'پرنس چارمنگ' کو سی پرائم کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا جائے گا۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے ماہرہ خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور انکشاف کیا کہ وہ پہلی اداکارہ ہیں جنہوں نے ان کی پیش کش پر ان کے ساتھ بلا ججھک کام کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کی، ساتھ ہی انہوں نے زاہد احمد کا بھی 'پرنس چارمنگ' میں کام کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

شہریار منور نے اپنی دیگر ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ وہ ان کے تعاون کے بغیر مذکورہ کام سر انجام نہیں دے سکتے تھے۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ خود بھی 'پرنس چارمنگ' میں اداکاری کرتے دکھائی دیں گے یا نہیں، تاہم بطور ہدایت کار ان کی یہ پہلی مختصر فلم ہوگی، جہاں 'پرنس چارمنگ' کے ذریعے شہریار منور ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں، وہیں ماہرہ خان کی بھی یہ پہلی ڈیجیٹل فلم ہوگی، جسے ٹی وی یا سینما میں ریلیز کرنے کے بجائے یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا، اس سے قبل ماہرہ خان فلموں اور ڈراموں سمیت ویب سیریز میں کام کر چکی ہیں اور اب انہوں نے ڈیجیٹل فلم میں بھی انٹری دے دی۔ 

ماہرہ خان اگرچہ پہلی بار شہریار منور کی ہدایات کاری میں کام کر رہی ہیں، تاہم وہ ماضی میں ان کے ساتھ 'ہو من جہاں اور پرے ہٹ لو' سمیت 'سات دن محبت ان' جیسی فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں

مزیدخبریں