کورونا سےمزید 67 افراد جان کی بازی ہارگئے، نئی پابندیاں عائد

3 Aug, 2021 | 09:06 AM

Read more!

سٹی 42:  ملک بھر میں گزشتہ24گھنٹوں کےدوران  کوروناوائرس سےمزید 67 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ملک بھر میں کوروناکےباعث اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 529 ہو گئی۔

این سی او سی  کےاعدادو شمارکےمطابق    ملک بھر میں گزشتہ24گھنٹوں کےدوران  کوروناوائرس سےمزید 67 افراد جان کی بازی ہارگئے  جبکہ24گھنٹوں  میں3ہزار 582 کورونا کیسزرپورٹ ہوئے۔ کوروناکیسز کی مجموعی تعداد10لاکھ 43 ہزار277ہو گئی، گزشتہ 24 گھنٹے میں49 ہزار 798 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔  مثبت کیسز کی شرح 7.19 فیصد رہی۔

سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد تین لاکھ 87 ہزار 261، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 45 ہزار 306، پنجاب میں تین لاکھ 58 ہزار 387، اسلام آباد میں 88 ہزار 344، بلوچستان میں 30 ہزار 627، آزاد کشمیر میں 25 ہزار 34 اور گلگت بلتستان میں 8 ہزار 318 ہو گئی ہے۔

 پنجاب  میں کوروناسے11 ہزار 83 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 6 ہزار 57، خیبرپختونخوا 4 ہزار 477، اسلام آباد 804، گلگت بلتستان 147، بلوچستان میں 328 اور آزاد کشمیر میں  633افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں کوروناکی چوتھی لہر میں تیزی، لاہور میں کورونامثبت کیسزکی شرح4.7ریکارڈ کی گئی جبکہ کورونامزید5قیمتی زندگیاں نگل گیا، گزشتہ  24گھنٹوں میں کوروناکے349نئےکیسزرپورٹ ہوئے۔

 گزشتہ روز  وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کےہمراہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئےزیادہ کورونا کیسزوالے شہروں میں نئی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔ نئی پابندیوں کا اطلاق 3 اگست سے 31 اگست تک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں حالیہ بندشیں جاری رہیں گی۔اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، پشاور، ایبٹ آباد اور ملتان میں بھی پابندیاں لگیں گی۔  دفاتر میں ملازمین کی حاضری 50 فیصد ہو گی اور ایک مرتبہ پھر ہفتے میں دو چھٹیاں دی جائیں گی تاہم  چھٹیاں کس دن ہوں گی؟ اس کا فیصلہ صوبے ازخود کریں گے۔ ان ڈور ڈائننگ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ آؤٹ ڈور ڈائننگ جاری رہے گی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی مسافروں کی تعداد 50 فیصد رکھنی ہو گی۔ انہوں ںے کہا کہ مارکیٹوں کے اوقات کار دوبارہ شب 8 بجے کردیے گئے ہیں جب کہ اس سے قبل اوقات کار شب 10 بجے تک تھے۔

 
 

مزیدخبریں