بشریٰ بی بی کی جان کو خطرہ، ان کے بلڈ سیمپل لیکر چیک کروائے جائیں: سیکرٹری پی ٹی آئی

3 Apr, 2024 | 06:51 PM

سٹی42:سیکرٹری پی ٹی آئی رؤف حسن کا کہنا ہے کہ بشری بی بی کی جان کو خطرہ ہے، ان کے بلڈ سیمپل لیکر چیک کروائے جائیں، ان کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جو بحیثیت پاکستانی شہری ان کا حق ہے۔ 

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن، سابق وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید اور شوکت بسرا نے پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ مسئلے بڑھتے چلے جا رہے ہیں سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے ججز کو بھی لفافے مل گئے ہیں، بشری بی بی کے حوالے سے ہمارے شکوک و شہبات حقیقت کا روپ دھار چکے ہیں، ان کو سلو پاوزننگ کی جا رہی ہے، ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کو گھر سے نکال کر اڈیالہ منتقل کیا جائے، ہم نے شوکت خانم کے ڈاکٹرز سے ان کے معائنے کا مطالبہ کیا، 5 ہفتے گزر چکے ان کی طبعیت نہیں سمبھل رہی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ بانی چئیرمین کو بھی پہلے اسی طرح کرنے کی کوشش کی گئی لیکن منہ کی کھانی پڑی، ہمارے آج بھی ہزاروں لوگ جیلوں میں پڑے ہیں، ضمانت ملنے پر عدالت کے احاطہ سے دوسرے کیسز میں گرفتار کر لیا جاتا ہے، بشری بی بی کی جان کو خطرہ ہے، ان کے بلڈ سیمپل لیکر چیک کروائے جائیں، ان کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جو بحیثیت پاکستانی شہری ان کا حق ہے۔

 دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو میانوالی جیل منتقل کیا گیا، پاکستان کی تاریخ میں خواتین کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہوا، ان میں انسانیت نام کی چیز نہیں ان کو شرم نہیں آتی، میڈیا پر بھی اس طرح کے کیسز کے بارے میں بات نہیں کی جا رہی۔
 

مزیدخبریں