چینی بھائیوں کی فول پروف سیکورٹی کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب

3 Apr, 2024 | 06:05 PM

This browser does not support the video element.

راؤ دلشاد : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم چینی بھائیوں پر حملے کے واقعہ پر رنجیدہ ہے، متاثرہ چینی خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز لاہور میں چینی قونصلیٹ پہنچ گئیں، جہاں ان کی چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین سے ملاقات ہوئی، دیگر چینی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نے  شانگلہ حملے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا، اور شانگلہ حملے میں جاں بحق چینی شہریوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا۔

ملاقات میں باہمی تعاون اور اشتراک کارکاسلسلہ جاری رکھنے کےعزم کا اظہار کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور چین بے مثال دوست ہیں، بزدلانہ کارروائیوں سے دوستی متاثر نہیں ہوسکتی۔ چینی شہریوں پر حملہ  ترقی و خوشحالی  کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش  ہے۔ پاکستانی قوم چینی بھائیوں پر حملے کے واقعہ پر رنجیدہ ہے۔ پنجاب میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی تحفظ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کررہے ہیں ۔چینی بھائیوں کی فول پروف سیکورٹی کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
چین کے قونصل جنرل نے وزیر اعلی مریم نواز کی تعزیت کے لئے آمد پر شکریہ ادا کیا۔ 
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، چیف سیکرٹری ،سیکرٹری داخلہ ائی جی اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

مزیدخبریں