عامر لیاقت کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان، الزامات کی بارش

3 Apr, 2022 | 02:41 PM

Muhammad Zeeshan

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے پارٹی چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ ڈرامہ ختم ہونے کے بعد کہنا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم نے جو کچھ کیا ثابت ہوگیاکہ اپوزیشن جو کچھ کررہی تھی درست کررہی تھی۔میں تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔ آئین سے کس نے انحراف کیا اور منحرف کون ہے؟ فیصلہ عدالت کرے گی لیکن افسوس کہ جنرل قمرباجوہ کو ہٹانے کے لئے یہ کھیل کھیلا گیا۔

عامر لیاقت نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے جو کیا درست کیا۔ آصف علی زرداری نے ایک بار پھر “پاکستان کھپے” ثابت کر دکھایا۔ اسمبلی کے دروازے کے باہر کھڑا رہا،دروازے بند تھےلیکن اللہ کا شکر ادا کرتاہوں کہ مجھے ہمت دی اور دل کی تکلیف کے باوجود سوچ بچار کر کے اسمبلی گیا۔بہت کچھ پتہ ہے لیکن ملکی مفاد بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ صدر مملکت، وزیراعظم، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکرسب آئین کو جواب دہ ہیں۔سپریم کورٹ کو دیکھنا چاہیے کہ “چوکی دار” کو غدار کہا گیا، افواج پاکستان کوسڑکوں پر گالیاں دی گئیں،بلاواسطہ جنرل قمر باجوہ کو غدارکہا گیا اگر فوج غدار ہے تو قوم بھی غدار ہے میں بھی غدار ہوں تم بھی غدار ہو۔

عامر لیاقت نے الزام لگایا کہ پاکستان سے باہر بیٹھے بچوں کو ہدایات دی جاتی تھیں  کہ فلاں فلاں میرے خلاف ہے،اس کوٹوئٹر، فیس بک اورانسٹاکے اکاؤنٹس سے اتنا ذلیل کرو  کہ قوم سمجھے سب اسے گالیاں دے رہے ہیں۔ ہم نے شوکت خانم کو کبھی کچھ نہ کہا۔نہایت تکلیف میں ہوں، آج بہتر ہوا تھا لیکن کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا میرے پاکستان کے آئین کی دھجیاں اڑا دی جائیں گی۔

مزیدخبریں