(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے عمران خان کو آئین اور جمہوریت کا غدار قرار دے دیا ، کہتے ہیں کہ عمران نیازی اور ان کے حواریوں نے کھلی آئین شکنی کی، آرٹیکل 6 کی پکڑ میں آگئے۔
وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر شہبازشریف نے ردعمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ ایوان میں ثابت ہوگیا کہ عمران نیازی ہار گئے ہیں، اس وقت ملک میں کوئی حکومت نہیں، ایک آئین شکن ٹولے نے قبضہ کیا ہوا ہے، عمران نیازی وزیراعظم ہی نہیں تو اس آئینی اختیار کو استعمال کیسے کرسکتا ہے ،آئین کی شق 5 کو استعمال کیاگیا، اسی میں لکھا ہے کہ ہر صورت آئین پر عمل کیاجائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ شخصی اقتدار کو غیرآئینی طول دینے کے لئے آئین پر حملہ کیا گیا، عمران نیازی ملک کو انارکی میں دھکیل چکے ہیں، چیف جسٹس پاکستان ملک کو بحران سے بچا سکتے ہیں، امید ہے کہ عدالت عظمیٰ آئین کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے اور ملک کو آئین شکنی سے تحفظ کے لئے اپنا آئینی فرض پورا کریں گے۔
واضح رہےکہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد کو آئین سے انحراف قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا۔تحریک عدم اعتماد مسترد کیے جانے کے بعد قوم سے مختصر خطاب میں عمران خان نے سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز بھیج دی ہے، قوم اگلے الیکشن کی تیاری کرے۔اب صدر مملکت نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی تحلیل کر دی.