ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسپیکر اور عمران خان پر آرٹیکل 6 لگے گا: شہبازشریف

شہبازشریف
کیپشن: Shehbaz Sharif
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور  اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے عمران خان کو آئین اور جمہوریت کا غدار قرار دے دیا  ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ  ایوان میں ثابت ہوگیا کہ عمران نیازی ہار گئے ہیں، اس وقت ملک میں کوئی حکومت نہیں۔ ایک آئین شکن ٹولے نے قبضہ کیا ہوا ہے۔عمران نیازی اور ان کے حواریوں نے کھلی آئین شکنی کی۔ آرٹیکل 6 کی پکڑ میں آگئے۔

قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا عمران نیازی ملک کو انارکی میں دھکیل چکے ہیں، چیف جسٹس پاکستان ملک کو بحران سے بچا سکتے ہیں۔ امید ہے کہ عدالت عظمی آئین کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے اور ملک کو آئین شکنی سے تحفظ کے لئے اپنا آئینی فرض پورا کریں گے۔

شہباز شریف نے مزید کہا عمران نیازی وزیراعظم ہی نہیں تو اس آئینی اختیار کو استعمال کیسے کرسکتا ہے۔ آئین کی شق 5 کو استعمال کیاگیا۔ اسی میں لکھا ہے کہ ہر صورت آئین پر عمل کیاجائے گا۔ شخصی اقتدار کو غیرآئینی طول دینے کے لئے آئین پر حملہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے آج ہونے والے ہنگامہ خیز اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں کرائی اور اسے آئین کے منافی قرار دے کر تحریک عدم اعتماد کو مسترد کردیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے فوراً بعد وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز ارسال کی اور کہا کہ قوم عام انتخابات کی تیاری کرے۔

Muhammad Zeeshan

Senior Copy Editor