قومی اسمبلی تحلیل، نئے انتخابات کب ہونگے؟ فرخ حبیب نے بتادیا

3 Apr, 2022 | 01:45 PM

(سٹی 42)صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیرِ اعظم عمران خان کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کردی، اب نئے الیکشن ہونگے۔ 

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد کو آئین سے انحراف قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا۔تحریک عدم اعتماد مسترد کیے جانے کے بعد قوم سے مختصر خطاب میں عمران خان نے سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز بھیج دی ہے، قوم اگلے الیکشن کی تیاری کرے۔اب صدر مملکت نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی تحلیل کر دی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اسمبلیاں تحلیل کر دی گئی ہیں، اب الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے الیکشن ہوں گے اور سمندر پار پاکستانی بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے کیونکہ قومی اسمبلی اس قانون کو منظور کر چکی ہے۔ 

دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب   نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کیسا لگا سرپرائز، اک کھلاڑی باقی سب اناڑی ہیں، اسلام آباد میں ٹشو پیپرز کی کمی ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ غداروں کی کانپیں ٹانگنا شروع ہوگئی ہے،  نئے انتخابات 90 روز میں ہونگے، پارلیمنٹ سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق مل چکا ہے اسمبلی تحلیل ہوچکی ہے غدار بیرون ملک پاکستانیوں سے ووٹ ڈالنے کا حق اب واپس نہیں لے سکتے۔

مزیدخبریں