(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عدم اعتماد پر ووٹنگ کا دن ’یوم نجات‘ قرار دے دیا ۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ قوم کو مہنگائی، نا اہلی، نالائقی اور تاریخ کی ہر لحاظ سے بدترین حکومت سے نجات مبارک ہو ، اب اچھے دن آئیں گے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پارلیمان پر حملہ کرنا یاد ہے نا؟ آج انشاءاللّہ پارلیمان ہی تمہیں گھر بھیجے گی۔
دوسری جانب حزب اختلاف اتحاد کی جماعتوں نے قومی اسمبلی میں اسپیکر اسد قیصر کے خلاف بھی تحریکِ عدم اعتماد جمع کرا دی ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر 100 سے زائد ارکانِ قومی اسمبلی کی جانب سے دستخط کیے گئے ، اپوزیشن اتحاد کی طرف سے ایاز صادق ، خورشید شاہ ، نوید قمر اور شاہدہ اختر علی نے اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی۔
واضح رہےکہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کیخلاف جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ آج ہوگی جس میں یہ فیصلہ ہوجائے گا کہ عمران خان وزیراعظم کے عہدے پر رہیں گے یا فارغ ہوجائیں گے۔