ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نےعمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب تعینات کردیا ہے۔ صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر چودھری سرور کی برطرفی اور عمر سرفراز چیمہ کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و قانون فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کر دیا گیا ہے.
دوسری جانب نئے گورنر پنجاب کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ میری ابھی وفاقی حکومت سے بات ہوئی ہے۔ فواد چودھری نے ابھی فون کرکے بتایا ہے کہ آپ نئے گورنر ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل حکومت نے گورنر پنجاب چودھری سرور کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے حکومت کے غیر آئینی و غیر قانونی احکامات ماننے سے انکار کردیا تھا۔ جبکہ حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ چودھری سرور وزارت اعلیٰ کے منصب چودھری پرویز الہیٰ کی مخالفت کر رہے تھے۔چودھری سرور حمزہ شہباز کے لئے مہم چلا رہے تھے۔ذرائع کے مطابق پرویز الہیٰ نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کر کے شکایت کی اور وزیراعظم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے صدر کو گورنر پنجاب کی برطرفی کیلئے ایڈوائس کیا۔
واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔یہ بات وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں بتائی ہے۔فواد چودھری کے مطابق نئے گورنر پنجاب کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئین کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قائم مقام گورنر پنجاب ہوں گے۔