(ویب ڈیسک )،رمضان المبارک کے مقدس ،بابرکت مہینے کا آغاز ہو چکا ہے اوردنیا بھر کے مسلمان رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز پر خوشیاں منا رہے ہیں۔ اس موقع پر کئی عالمی رہنماؤں نے مسلم کمیونٹی کو ایک پرامن اور بابرکت مہینے کی مبارکبادیں پیش کی ہیں۔
ترک صدر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ میں آپ (مسلمانوں) کو رمضان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، جس کا آغاز رحمت ہے، درمیانی حصہ مغفرت ہے اور انجام دائمی عذاب سے نجات ہے۔ میری خواہش ہے کہ رمضان المبارک کی برکتیں پوری انسانیت پر نازل ہوں۔
ملیشیا کے وزیر اعظم اسماعیل صابری یعقوب نے مسلمانوں سے رمضان کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دوسری جانب ال سلطان عبداللہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے مسلمانوں کو اپنے ایمان، دینی فرائض و واجبات کی پابندی اور صالح اعمال کی ترغیب دلائی۔
غیر مسلم ممالک میں سے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی تمام مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے بعد سے کسی بھی قسم کی کوویڈ پابندیوں سے پاک یہ پہلا رمضان ہوگا۔
اسی طرح امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹویٹر پر لکھا: “جِل (اہلیہ) اور میں امریکہ اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے رمضان کے آغاز پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا: “قرآن پاک ہمیں سکھاتا ہے کہ خدا نے قوموں اور قبیلوں کو اس لیے بنایا تاکہ ہم ایک دوسرے کو پہچان سکیں۔ اس مقدس مہینے میں اور ہر دن ہم تمام خواتین اور مردوں کی حفاظت، وقار اور خوشحالی کے لیے ہاتھ سے ہاتھ ملا کر کام کریں، ایک دوسرے سے سیکھیں اور مل کر ایک پرامن دنیا بنائیں۔