قذافی بٹ: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے قائداعظم کی طرح پہلے 10 بار سوچیں، پھر جب فیصلہ کر لیں تو اس پر ڈٹ جائیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے مہنگائی اپوزیشن سے بڑا مسئلہ ہے۔
گورنر ہاؤس میں یو کے پارلیمنٹ کے لارڈ واجد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم کو فیصلہ سازی کرتے ہوئے قائداعظم کو فالو کرنا چاہیے، جلد بازی کی بجائے 10 بار سوچیں پھر فیصلہ کریں اور اس پر ڈٹ جائیں۔ گورنر پنجاب نے حفیظ شیخ سے متعلق سوال پر کہا کہ انہیں باعزت طریقے سے رخصت کیا جانا چاہیے تھا۔
حکومت کے لئے اپوزیشن نہیں بلکہ مہنگائی بڑا مسئلہ ہے، رمضان سے پہلے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ گورنر پنجاب نے قبضہ سے متعلق انوکھی منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس غریب شخص کے پاس ایک انچ جگہ نہیں وہ تین یا پانچ مرلے پر قبضہ کر لے تو وہ اسے قبضہ نہیں سمجھتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ کورونا کی تیسری لہر جہاں سے آئی ہے اسی ملک نے پاکستان پر پابندی عائد کی ہے۔ اس موقع پر لارڈ واجد نے کہا کہ چودھری محمد سرور ان کے رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ میں پہلے مسلمان ممبر کے منتخب ہونے کی روایت ڈالی۔