(جنید ریاض) پنجاب حکومت کا آن لائن انصاف اکیڈمی بنانے کا منصوبہ ٹھپ، آغاز صوبہ بھر میں یکم اپریل سے ہونا تھا، 31 مارچ کی ڈیڈ لائن کے باوجود اکیڈمی کا آغاز نہ کیا جاسکا، اکیڈمی کا قیام والدین کو پرائیوٹ اکیڈمیز سے ریلیف دلانے کیلئے عمل میں لایا جانا تھا۔
پنجاب حکومت کا صوبہ بھر کے کروڑوں بچوں کیلئے آن لائن انصاف اکیڈمی بنانے کا منصوبہ ٹھپ ہوگیا، آن لائن انصاف اکیڈمی پر طلبہ وطالبات کو پہلی سے دہم جماعت تک مفت ٹیوشن فراہم کی جانا تھی۔انصاف اکیڈمی کا قیام بروقت نہ ہونے سے والدین کو نجی اکیڈمیز کی فیسوں سے چھٹکارا نہ مل سکا۔
والدین کا کہنا ہے کہ انصاف اکیڈمی کا قیام اچھا فیصلہ ہے، منصوبہ کی بروقت تکمیل سے فائدہ اٹھایا جاسکتا تھا۔
دوسری جانب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ انصاف اکیڈمی پراجیکٹ پر کام جاری ہے، یکم اگست تک انصاف اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
واضح رہےکہ اس سے قبل تحریک انصاف کی حکومت کا لاہور میں موبائل سکول بنانے، لاہور سمیت صوبہ بھر میں 1000 آئی ٹی لیبز اور 400 سائنس لیبز بنانے کا منصوبہ بھی منصوبہ ٹھپ ہوچکا، لاہور ایجوکیشن اتھارٹی سے موبائل سکول منصوبے کیلئے مختص 10 کروڑ روپے کے فنڈ دیگر اضلاع کو منتقل کر دیئے گئے ۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی نااہلی کے باعث لاہور سمیت صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں کو 8 ارب روپے کی لاگت سے سولر پینل پر منتقل کرنے کا منصوبہ بھی تاحال مکمل نہیں ہوسکا، سکولوں کا نان سیلری بجٹ بجلی کے بلوں کی مد میں خرچ ہونے لگا، منصوبہ سابقہ دور حکومت میں تشکیل دیا گیا تھا۔