(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نےماہ رمضان کے چاند کا اعلان کردیا، کہتے ہیں پہلا روزہ 14 اپریل کو ہوگا۔
رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچودھری ایک بار پھر میدان میں آگئے ہیں اور سائنسی حساب کتاب کرتے ہوئے انہوں نے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس سے قبل اپنا فیصلہ سنادیا, وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہےکہ ماہ رمضان کا چاند تیرہ اپریل کی شام کو اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی میں واضح دیکھا جا سکے گا، پہلا روزہ 14 اپریل کو ہوگا، خدا یہ رمضان سب کیلئے رحمت اور برکت کا باعث کرے، آمین۔
فواد چودھری نے پہلے ٹویٹ میں غلطی بھی کردی تھی، چودہ اپریل کی جگہ چودہ رمضان کو پہلا روزہ بنا دیا,جس پر ٹویٹر صارفین نے وفاقی وزیر کو اپنی غلطی درست کرنے کا کہتے ہوئے لکھا فواد صاحب پہلا روزہ 14 اپریل کو ہے 14 رمضا ن کو نہیں, بعدازاں فوادچودھری نے غلطی کا احساس ہونے پر تصیح کرلی۔
واضح رہےکہ گزشتہ برس فواد چوہدری نے شوال کا چاند نظر آنے اور عیدالفطر کی تاریخ کا اعلان پہلے ہی کردیا تھا اور ان کے اعلان کے مطابق ہی چاند نظر آنے کی رویت پر عیدالفطر منائی گئی تھی تاہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے چاند کی رویت پر شہادتیں اکٹھی کرکے شوال کے چاند کا اعلان کیا تھا۔