نشتر پارک (حافظ شہباز علی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کورونا کے باعث ہسپتال میں زیرعلاج بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہسپتال میں 2011 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی سالگرہ کا جشن منائیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سچن ٹنڈولکر کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے محض 16 برس کی عمر میں دنیائے کرکٹ کے بہترین بولرز کو ناکوں چنے چبوائے۔ انہوں نے لکھا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ کوویڈ 19 کو بھی ایسے ہی شکست دیں گے۔
اپنے ٹویٹ کے آخر میں وسیم اکرم نے کہا کہ اگر آپ بھارت کے ورلڈ کپ 2011 کی سالگرہ ڈاکٹروں اور ہسپتال کے عملے کے ساتھ مناتے ہیں تو بہت اچھا ہوگا اور مجھے بھی تصویر ضرور بھیجئے گا۔
Even when you were 16, you battled world’s best bowlers with guts and aplomb... so I am sure you will hit Covid-19 for a SIX! Recover soon master! Would be great if you celebrate India’s World Cup 2011 anniversary with doctors and hospital staff... do send me a pic! https://t.co/ICO3vto9Pb
— Wasim Akram (@wasimakramlive) April 2, 2021
واضح رہے کہ کورونا وائرس کا شکار بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر ڈاکٹروں کی ہدایت پر ہسپتال میں داخل ہوگئے ہیں۔ سچن ٹنڈولکر نے سوشل میڈیا پر ہسپتال میں داخل ہونے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ احتیاطی طور پر مجھے ہسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے، 2013 میں دنیائے کرکٹ کو خیرباد کہنے والے 47 سالہ کرکٹر نے اپنے 24 سالہ طویل کرکٹ کیریئر میں 100 بین الاقوامی سنچریاں مکمل کر رکھی ہیں۔