( شہزاد خان ابدالی، عثمان علیم ) شہر میں مخیر حضرات اور تنظیموں کیجانب سے دیہاڑی دار طبقے میں راشن اور رقوم تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پیاف کیجانب سے بھی دوہزار مستحقین میں راشن تقسیم کیا گیا۔
لاک ڈاؤن کے دوران دیہاڑی دار طبقہ بھوکا نہ رہے۔ شہر کے مخیر حضرات اور کاروباری تنظیموں کی جانب سے مزدور طبقے میں راشن اور امدادی رقوم تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر کا کہنا ہے کہ شہر میں آجر، مزدوروں کیساتھ کھڑے ہیں، کسی کو بھوکا نہیں سونے دیں گے۔ وبائی آفت سے نمٹنے کیلئے حکومت کیساتھ کھڑے ہیں۔
سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نعمان کبیر نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن حکومت کا احسن فیصلہ ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران غربا کی مدد کرنا سب کا فرض ہے۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے اہلیان لاہور حفاظتی تدابیر پر ہر صورت عملدرآمد کریں۔
چیئرمین پیاف کا کہنا تھا کہ پیاف خدمت کے سلسلے کو جاری رکھے گا، دیہاڑی دار طبقے کو اشیائے ضروریہ فراہم کرکے اور احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھ کر ہی کورونا کیخلاف جنگ جیتی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں جماعت اسلامی کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر دوپہر اور شام کا کھانے دینے کا سلسلہ آج بھی جاری رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پی پی 160 احمد سلمان بلوچ روزانہ کی بنیاد پر کھانے کی تقسیم کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ یوسی 216 اتفاق کالونی نمبر ایک اور دو میں آج مرغی کا گوشت اور آلو تقسیم کیاگیا۔لوگوں تک روزانہ کی بنیاد پر پہنچ رہے ہیں۔کوشش کر رہے ہیں کوئی سفید پوش بھوک کی پریشانی میں نہ رہے ۔لوگوں سے گزارش ہے کہ گھروں میں رہیں اور توبہ و استغفار کریں۔