( قذافی بٹ ) کورونا وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات پر غور وغوص کیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کہتے ہیں، پنجاب حکومت کورونا وائرس کے سدباب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاہی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار، گورنرپنجاب اور جہانگیرترین کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر کورونا کے سدباب اور علاج کے لئے بھرپور کوششوں کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے سدباب کے لئے بروقت اقدامات کررہی ہے۔ وزیراعظم وبا کے سدباب کے ساتھ ساتھ متاثرین کی مدد کے لئے بھی متحرک ہیں۔
چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ٹیلی میڈیسن سنٹرز سے ملک بھر میں عوام کو ماہر ڈاکٹرز کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ راشن پیکیج میں مخیر حضرات کے تعاون سے تیزی لارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ صوبہ بھر میں تمام امور کی خود نگرانی کر رہاہوں۔ مستحقین کو امداد کی فراہمی شروع کردی ہے۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ عوام احتیاطی تدابیر میں حکومت کا ساتھ دیں۔ محدود رہ کر شہری خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کو ریلیف دینے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔
دنیا بھر میں تباہی مچانے والا خطرناک کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 2450 ہوگئی ہے جبکہ اس خطرناک بیماری سے 36 افراد جاں بحق اور 126 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
لاہور میں آج کورونا کے مزید 6 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد لاہور میں متاثرہ افراد کی تعداد 205 ہوگئی، لاہور میں مہلک وائرس 5 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 1012 تک جا پہنچی جبکہ 11 اموات ہوئی ہیں۔