عمر زیب : پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے، لاہور میں مزید 5 نئے مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، 5 نئے مریضوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے، جب کہ لاہور میں مریضوں کی کل تعداد 204 ہوگئی ہے ، پانچ جاں بحق ہوچکے ہیں ،صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد 919 تک جا پہنچی ہے ، اب تک 11 اموات ریکارڈ ہوئیں۔
لاہور کے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کو ٹیسٹ کرنے کی سہولت میسر ہے،ان میں کچھ غیر سرکاری لیبارٹریاں بھی ہیں جو ٹیسٹ کررہی ہیں۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صورت حال یہ ہے کہ 1200 سے 1300 ٹیسٹ روزانہ ہورہے ہیں۔ پرائیویٹ لیبز 500 سے 600 ٹیسٹ روزانہ کررہی ہیں۔ میو اسپتال، پی کے ایل آئی کو بھی 400 بیڈ تک جایا جارہا ہے۔ راولپنڈی کے یورولوجی اسپتال میں 200 بیڈز بڑھائے جارہے ہیں۔ ہمارے پاس ٹوٹل 1250 وینٹی لیٹرز ہیں۔ ان میں پرائیویٹ اسپتالوں کے 400 وینٹی لیٹرز بھی شامل ہیں۔
لاہور کے میو ہسپتال ،پی کے ایل آئی ،سروسز ہسپتال ،چغتائی لیب میں پہلے سے ٹیسٹوں کی سہولت موجود تھی اب جنرل ہسپتال کی سنٹرل ریسرچ لیب میں کورونا کے ٹیسٹوں کی سہولت فعال کردی گئی ،پرنسپل پروفیسر سردار الفرید ظفر نے سہولت کے افتتاح پر کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت اور کٹس فراہم کرنے پر ٹیسٹ شروع کئے ہیں۔
یاد رہے کورونا وائرس ایک عالم گیر وبا کی شکل اختیار کرچکا ہے، دنیا بھر میں اب تک 53 ہزار سے زائد جانیں ضائع ہو چکی ہیں جب کہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں، کورونا وائرس کے باعث اس وقت ہلاکتوں کے اعتبار سے اٹلی دنیا میں سب سے آگے ہے جہاں اب تک 13 ہزار 915 لوگ ہلاک اور ایک لاکھ 15 ہزار 242 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔دنیا بھر کی معشتیں لڑکھڑا رہی ہیں،صرف امریکا میں ایک کروڑ کے لگ بھگ لوگ بیروز گار ہوچکے ہیں،ایک امریکی ڈاکٹر کہتے ہیں کہ ملک میں مریضوں کی تعداد زیادہ ہے لیکن ٹرمپ انتظامیہ اسے چھپا رہی ہے،صرف نیو یارک میں ہزاروں مریض ہیں ۔