سٹی 42:عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں اب تک 53 ہزار سے زائد جانیں ضائع ہو چکی ہیں جب کہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں، کورونا وائرس کے باعث اس وقت ہلاکتوں کے اعتبار سے اٹلی دنیا میں سب سے آگے ہے جہاں اب تک 13 ہزار 915 لوگ ہلاک اور ایک لاکھ 15 ہزار 242 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔دنیا بھر کی معشتیں لڑکھڑا رہی ہیں،صرف امریکا میں ایک کروڑ کے لگ بھگ لوگ بیروز گار ہوچکے ہیں،ایک امریکی ڈاکٹر کہتے ہیں کہ ملک میں مریضوں کی تعداد زیادہ ہے لیکن ٹرمپ انتظامیہ اسے چھپا رہی ہے،صرف نیو یارک میں ہزاروں مریض ہیں ۔
پاکستان کی معیشت پہلے ہی کمزور تھی رہی سہی کسر کورونا وائرس نے پوری کردی ہے،پ موڈیز نے پاکستان کی شرح نمو کم کردی ہے، وزارت منصوبہ بندی نے کورونا وائرس کی موجودہ وبا کے سبب 3 ماہ میں معیشت کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ 2 سے ڈھائی ہزار ارب روپے لگایا ہے جبکہ اس سے ایک کروڑ23 لاکھ سے ایک کروڑ 85 لاکھ تک لوگ بیروزگار ہوجائیں گے۔نقصان کا انحصارکم درجہ ،درمیانے درجہ اور مکمل لاک ڈاؤن کو مدنظر رکھ کر لگایا گیا ہے۔
گزشتہ روز وزارت منصوبہ بندی میں ہونے والے بین الوزارتی اجلاس میں لاک ڈاؤن سے ہونے والے نقصانات کے اعداد و شمار پرغورکیا گیا۔ یہ اعداد و شمار پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس اور مختلف سرکاری اداروں کی طرف سے فراہم کیے گئے ہیں۔نقصانات کا یہ تخمینہ کاروباری نقصانات، ٹیکس ریونیو کے نقصانات،عالمی تجارت کے نقصانات اور بیروزگاری پھیلنے سے ہونے والے نقصانات کو مدنظر رکھ کر لگایا گیا ہے۔
حکومت کے یہ ابتدائی اعداد و شمار سابق حکومت کے دوعہدیداروں حفیظ پاشا اور شاہد کاردارکے اندازوں سے بہت زیادہ ہیں جنہوں نے نقصانات کا تخمینہ 891 ارب سے ایک ہزار 600 ارب تک بتایا تھا۔
مکمل لاک ڈاؤن سے حکومت کا اندازہ ہے کہ روزانہ اجرتوں پر کام کرنے والے دوتہائی شہریوں سمیت ایک کروڑ85 لاکھ سے زائد لوگوں کا روزگارمتاثرہوگا۔ماہرین نے کرفیوجیسی صورتحال میں ڈیڑھ کروڑ لوگوں کے عارضی طور پر بیروزگارہونے کا خدشہ ظاہرکیا تھا۔ جہاں تک حکومتی محصولات کا تعلق ہے تو ایف بی آر کیلئے یہ آسانی پیدا ہوگئی ہے کہ اپنی ناہلی کوکورونا کے کھاتے میں ڈال دیا جائے۔
ڈپٹی چیئرمین پلاننک کمشن ڈاکٹر جہانزیب کا اندازہ ہے کہ موجودہ صورتحال میں ملکی درآمدات میں 30 سے 60 فیصد تک کمی ہوگی جبکہ مالی سال کے آخری چارمہینوں میں ڈالر کی مد میں برآمدات پر 10 فیصد تک اثر پڑے گا۔
یاد رہے پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2450 تک جا پہنچی ہے،پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 11، خیبرپختونخوا 9، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔