تندور، پھلوں و سبزیوں کی دکانیں 5 بجے کے بعد کھلی رہیں گی

3 Apr, 2020 | 08:52 AM

Sughra Afzal

لوئرمال (عابد چودھری) کورونا وائرس کے باعث شہر میں لاک ڈاﺅن،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے ایس پیز کو لاک ڈاﺅن کے حوالے سے نئے احکامات جاری کر دیئے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کی جانب سے دیئے جانے والے احکامات کے مطابق ایک خاندان سے دو افراد بیماری یا گراسری کی خریداری کے لئے باہر جا سکتے ہیں اور ٹیک وے یا ہوم ڈلیوری کے لئے ریسٹورنٹس شاپس پانچ بجے کے بعد بھی کھولے جا سکتے ہیں جبکہ ایل پی جی فلنگ مراکز اور گودام بھی شام پانچ بجے کے بعد بھی کھلے رہیں گے ، پوسٹل اور کورئیر کی برانچز بھی کم سٹاف کے ساتھ کھلیں رہیں گی۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید کے مطابق ٹرانسپورٹ کے ذریعے دوسرے شہروں اور اضلاع میں جانے پر پابندی ہے جبکہ آٹا چکیاں، تندور،پھلوں او ر سبزیوں کی دکانیں   5 بجے کے بعد کھلی رہیں گی۔

خیال رہےکہ 28 مارچ کو کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے گراسری سٹورز،جنرل سٹورز ،کریانہ  اور دودھ کی  دکانیں رات آٹھ بجے بند کرنے کے احکامات جاری  کیے تھے، یکم اپریل کو  دکانداروں کی اپیل پر  حکومت نے دودھ فروشوں کو رات 8 بجے تک دکانیں کھلی رکھنےکی اجازت دے دی۔

واضح رہےکہ کورونا وائرس دنیا کے کئی ممالک میں پھیل چکا، اب تک دنیا بھر میں کورونا وائرس سے   50 ہزار سے زائد   افراد زندگی کی بازی ہار گئے  ہیں جبکہ مہلک وائرس  سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

 ہزاروں کے لیے جان لیوا ثابت ہونے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پھیلاؤ  کو  بڑھا رہا ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد تعداد  2  ہزار 450 تک پہنچ گئی، ابھی تک 34 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جبکہ107 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

مزیدخبریں