ٹاﺅن شپ (24نیوز) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے کلوروکوئین اور اریتھروسین کے کمبی نیشن کا استعمال کیا ہے، کلوروکوئین کچھ ہسپتالوں میں استعمال ہورہی ہے۔
صدرمملکت عارف علوی نے 24نیوزکے پروگرام نسیم زہرا@8 میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت صحت ایک دو روز میں کلوروکوئین گولیوں کے استعمال پر بیان جاری کرے گی، پاکستان کے پاس کلوروکوئین کا سٹاک موجود ہے، سٹاک میں 55 ملین ٹیبلیٹس ہیں، جلد وزارت صحت اس کے استعمال کے بارے میں آگاہ کرے گی۔انہوں نے کہا ابھی کوئی مریض اسے ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر استعمال نہ کرے۔
ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ موجودٹیسٹنگ کے طریقہ سے 80سے 85 فیصد درست نتیجہ آتا ہے جبکہ سو اپ کے طریقہ کار میں غلطی کا اندیشہ ہے، خون سے ہونےوالے ٹیسٹ کے نتائج 99 فیصد درست ہیں، جلد ہی پاکستان میں اس اندازسے ٹیسٹ ہوں گے۔
صدرمملکت عارف علوی نےکہاکہ حکومت کوروناوائرس پرقابوپانےکےلیےمتحرک ہے، پاکستان کی کورونا ٹیسٹنگ کٹس ایک ماہ میں دستیاب ہوگی، جون تک 10 ہزار وینٹی لیٹرز پاکستان میں ہونگے،ملک میں تیارکردہ وینٹی لیٹرز 10 اپریل کو نمائش کیلئے پیش کیے جائیں گے۔
خیال رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پھیلاؤکو بڑھا رہا ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد تعداد 2 ہزار 450 تک پہنچ گئی جبکہ ابھی تک 34 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور 107 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں آج لاک ڈاؤن کا 11 واں روز ہے، شادی ہالز ، تعلیمی ادارے، مارکیٹیں، سینما گھربند ہیں،پنجاب میں دفعہ 114 نافذ ہے، لاہوریئے گھروں میں محصور ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے آج حکومت نے نماز جمعہ کے اجتماعات نہ کرنے کی ہدایت کی ہے،یہ اقدام حکومت پنجاب نےعلمائے کرام اور طبی ماہرین کی ہدایات کی روشنی میں اٹھایا۔