پولیس نے شہر میں ناکے سخت کردیئے، اہم شاہراہیں بند

3 Apr, 2020 | 08:04 AM

Sughra Afzal

فیروز پور روڈ (فخرامام) دنیا بھر میں تباہی پھیلانے والا  کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد تعداد 2 ہزار 419 تک پہنچ گئی جبکہ ابھی تک 34 افراد  جان کی بازی ہار گئے ہیں  اور 107 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

لاہور پولیس نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر  شہر میں ناکوں کو سخت کردیا، پولیس اہلکار ٹریفک کو ناکوں پر روک کر لوگوں کو گھروں میں بھجوانے لگے، فیروز پور روڈ سے شاہدرہ بند کردیا گیا۔

پولیس کی جانب سے جزوی لاک ڈاؤن کے دوران لگائے جانے والے ناکوں پر شام ہوتے ہی سختی کردی گئی، علامہ اقبال ٹاؤن کے چاروں اطراف ناکوں کیلئے لگائے بیرئیرز  کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایک موریہ پل، جی ٹی روڈ دروغہ والا سڑک، جیل روڈ سے فیروز پور روڈ کو بند کر دیا گیا، دیگر اہم شاہراہوں کو بھی بند کیا گیا ہے، ناکوں پر صرف ایمبولینسز کو گزرنے دیا جارہا ہے۔

پولیس کے مطابق اب تک لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پردرج کی گئی ایف آئی آرز کی تعداد ایک ہزار264 ہے،  38 ہزار 25 موٹر سائیکلیں، 9 ہزار 579رکشے، ایک ہزار 598 ٹیکسیاں، 10 ہزار 918 کاریں اور 3 ہزار 477 بڑی گاڑیوں کو روک کر پوچھ گچھ کی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید کے مطابق اب تک63 ہزار500 سے زائد موٹرسائیکلز وگاڑی مالکان کو روکا اور باہرآنے کا مقصد پوچھا گیا، بے مقصد باہر گھومنے والے 70 ہزار 800 سے  زائد شہریوں کو دوبارہ سفر نہ کرنے کی وارننگ جاری کی گئی جبکہ 2 ہزار 751 شہریوں سے دوبارہ غیر ضروری طور  پر باہر نہ نکلنے بارے شورٹی بانڈز لئے گئے۔

ڈی آئی جی آپریشنزکے مطابق  2ہزار 392 گاڑیوں، موٹر سا ئیکلوں کو دفعہ144 کی خلاف ورزی پر بند کردیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ پولیس ناکے امن و امان اور شہریوں کوغیرضروری سفر سے باز رکھنے کے لئے لگائے گئے ہیں۔

مزیدخبریں