ویب ڈیسک : پنجاب پولیس نے تھانہ عیسی خیل میانوالی کی قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 12 سے 14 خوارجی دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر قبول خیل چیک پوسٹ پر راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈز سے حملہ کیا، چیک پوسٹ پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان الرٹ تھے، شدید جوابی فائرنگ کے نتیجے میں بزدل دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا ، پنجاب پولیس نے ایک بار پھر بھرپور قوت سے خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، حملہ آور فرار ہو گئے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں چیک پوسٹ پر تعینات 01 جوان بازو پر گولی لگنے زخمی ہوا۔ اطلاع ملتے ہی ڈی پی او میانوالی اختر فاروق فوری طور چیک پوسٹ پہنچے، بالائی مورچے پر خود گئے اور جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر شاباش دی۔
واضح رہے کہ ڈی ایس پی عیسی خیل اور ایس ایچ او بھاری نفری کے ساتھ پولیس چیک پوسٹ پر موجود ہیں ، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، مفرور دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچنے کے امکانات ہیں ۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ڈی پی او میانوالی، چیک پوسٹ قبول خیل کے بہادر اہلکاروں کو شاباش دی ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں پنجاب پولیس پر دہشت گردوں کا یہ 09 واں حملہ ہے جو ناکام بنایا گیا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے،، پنجاب پولیس انشا اللہ آئندہ بھی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائے گی ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میانوالی کی قبول خیل چیک پوسٹ پر خوارجی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خوارجی حملے کوناکام بنانے والی پولیس ٹیم کو شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے ڈرتے ہیں نہ ڈریں گے اوردھرتی کو ان سے پاک کرکے دم لیں گے۔