ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر رائیونڈ ہسپتال میں مریضوں کیلئے ایوننگ او پی ڈی شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
وزیرصحت پنجاب عمران نذیر کی زیرصدارت ٹی ایچ کیو ہسپتال ، رائیونڈ سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا، عمران نذیر نے کہا کہ تمام اسپتالوں میں مریضوں کی شکایات کے ازالے کیلئے شکایات کاؤنٹرز قائم کیے جائیں۔ کوئی مریض 1122، کنسلٹنٹ مشاورت کے بغیر دوسرے ہسپتال منتقل نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیرصحت پنجاب نے پی ایچ ایف ایم سی کے تحت اسپتالوں میں 3 ماہ کا ریفرل ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔ انھوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں مریضوں کے ریفرل سسٹم بہتر کرنے کیلئے مؤثر میکانزم وضع کیا جائےگا، رائیونڈ ہسپتال میں ایچ آر کی کمی کو ایمرجنسی بنیادوں پر پورا کریں گے۔
وزیرصحت پنجاب عمران نذیر نے ایم ایس کو ہدایت کی مریضوں کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے، دواؤں کی کوئی شکایت نہ ہونے پائے۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، اسٹاف خوش قسمت ہیں مریضوں کی شفایابی پر دعائیں لیکر آخرت سنوار رہے ہیں، ریویمپنگ کے بعد سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔