پنجاب میں بلٹ ٹرین،میٹروبسیں اورہر ضلع میں الیکٹر ک بسیں چلانا چاہتے ہیں، مریم نواز

2 Sep, 2024 | 05:52 PM

ویب ڈیسک : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چین کی وہیکل کمپنی چونگ اوئنگ سی آر آر سی ہینگ ٹونگ کے چیئرمین لیو جونہوا کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی،جس میں گرین ٹرانسپورٹ سسٹم پراجیکٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔

ملاقات میں پنجاب بھر میں پانچ ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کے پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا۔پہلے مرحلے میں ایک ہزارالیکٹرک بسوں سے پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔پانچ سال میں بڑے شہروں میں ”اینڈ ٹو اینڈ“گرین ٹرانسپورٹ سسٹم لانچ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے الیکٹر ک وہیکلز کی مینوفیکچرنگ کیلئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔پنجاب میں الیکٹرک ٹو وہیلر،تھری وہیلر کی مینوفیکچرنگ کیلئے تمام تر سہولتوں اورتعاون پر اتفاق کیاگیا۔چینی وفد نے ای ٹرانسپورٹ کے لئے یونیفائیڈ چارجنگ سسٹم کے بارے میں آگاہ کیا۔بس سٹاپ پرمنی شاپنگ مال کے ماڈل پر غورکیاگیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے چینی کنسورشیم سے جامع ٹرانسپورٹ سسٹم پلان طلب کرلیا۔ مریم نواز نے کہا کہ چین ہر شعبہ ہائے زندگی میں لیڈ کررہا ہے، تعاون اورمہارت سے فائدہ اٹھانے کے متمنی ہیں۔بڑے شہروں کے عوام کے لئے مکمل گرین ٹرانسپورٹ سسٹم چاہتے ہیں۔ٹریفک جام بہت بڑا مسئلہ ہے، ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھ رہی ہے۔لوگ تیزی سے الیکٹر ک وہیکل کی طرف راغب ہورہے ہیں۔چین کی مہارتوں سے فائدہ اٹھانے کے متمنی ہیں۔لاہور میں چینی ٹرانسپورٹ  کمپنیز کو خوش آمدید کہیں گے اوربھرپور معاونت کی جائے گی۔پنجاب میں بلٹ ٹرین،میٹروبسیں اورہر ضلع میں الیکٹر ک بسیں چلانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے اورنج لائن اورمیٹروبس سسٹم کا میابی سے لانچ کیا۔لاہور کے بہت سے ایریاز میں ٹرانسپورٹ سسٹم کی ضرورت ہے۔پنجاب کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو مکمل طورپر ری ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں۔ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر،بس سٹاپ اورچارجنگ سسٹم اوردیگر سہولتیں چاہتے ہیں۔چین جیسے ملک سے دوستی خوش بختی کے مترادف ہے۔

 لیو جونہوا چیئرمین ہینگ ٹونگ نے کہا کہ لاہور باغوں کا خوبصورت شہر ہے،موسم بہت اچھا لگا۔جیانگ زنگیو اوورسیزپراجیکٹ مینجر ہینگ ٹونگ وہیکل کمپنی نے کہا کہ وزیراعلی مریم نوازشریف کو عوام کی خدمت میں مصروف دیکھ کرخوشی محسوس کرتے ہیں۔

 وفد میں ہوانگ جمن، جیان زنگیو،زو زینگ، راؤ منگھوا، مسز زانگ، چینگ کیانگ، شہریار ارشد چشتی، فیصل احمد صدیقی، خرم مرزا، شہریار حسن، فیصل شجاع اور انور سعید شامل تھے جبکہ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال،سیکرٹری امپلیمنٹشن دانش افضال اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں