لاہورکےمختلف علاقوں میں بارش، ہر جگہ پانی جمع، شہری پریشان

2 Sep, 2024 | 04:52 PM

سٹی 42 : لاہور شہرکےمختلف علاقوں میں بارش کاسلسلہ جاری ہے ، جبکہ صبح ہونے والی بارش کے باعث معروف شاہراہوں پرپانی جمع ہوگیا ۔ 

لاہور کے مختلف علاقوں سبزہ زار، گڑھی شاہو، ڈیوس روڈکےاطراف، کوٹ لکھپت،ٹاؤن شپ،پنڈی سٹاپ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ، اس کے علاوہ ماڈل ٹاؤن، قائداعظم انڈسٹری اسٹیٹ میں بھی بارش ہورہی ہے ۔ 

محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹےمیں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ساتھ ہی مون سون بارشوں کا سپیل4ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے ۔کل تک لاہور سمیت مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کاامکان ہے ۔ 
پی ڈی ایم اے کے مطابق 3سے4ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں ، پنجاب کےتمام دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے ۔ 

واسا لاہور کی جانب سے اب تک کی بارش کا ریکارڈ جاری کردیا گیا ، جس کے مطابق سب سےزیادہ نشترٹاؤن میں105ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ گلبرگ42 ، تاجپورہ میں36 ، اپرمال31،اقبال تاؤن8،سمن آبادمیں2ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ۔ 

دوسری جانب صبح ہوئی چند گھنٹوں کی بارش کے بعد شہر کا نکاسی آب کا سسٹم بیٹھ گیا ، جس کی وجہ سے معروف شاہراہوں پربھی بارشی پانی جمع ہوگیا۔ 

نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے کچا جیل روڈکی سڑکیں بارشی پانی میں ڈوب گئیں، سڑک کے دونوں اطراف پانی جمع ہونے سے راہگیروں کومشکلات کاسامنا ہے ۔ بارشی پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوچکی ہے ، مین سڑک کےاطراف موجوددکانداروں کا کاروبار بھی متاثر ہونے لگا ۔ پانی کی نکاسی کے لیے کچا جیل روڈ پر انتظامیہ موجود ہی نہیں ہے ۔ شہریوں نے انتظامیہ سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

کلمہ چرک انڈر پاس ،لبرٹی چوک سے سٹیڈیم کی طر ف جانیوالی روڈ ، نور جہاں روڈحسین چوک،لبرٹی مارکیٹ اورطارق روڈ پر بارشی پانی جمع ہوگیا ہے۔ بارش کاپانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار ہے ۔ 

شہر میں بارش کے بعد ایک بار پھر نکاسی آب کے ناقص انتظامات سامنے آگئے ، بارش کے بعد شہر کے نشیبی علاقوں سمیت پوش علاقے بھی زیر آب آگئے۔ فردوس مارکیٹ کے اطراف سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، بارش کا پانی جمع ہونے سےٹریفک روانی متاثر ،گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ۔ 

بارشی پانی جمع ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل اور کار سوار راہگیروں سمیت پیدل چلنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، بارش کے بعد نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر شہریوں کی جانب سے شکوے بھی کیے گئے ۔ 

ماڈل ٹاؤن کےمختلف بلاکس سے بھی پانی کی نکاسی یقینی نہ بنائی جا سکی ۔ اے بلاک کے رہائشیوں کو بارش کے پانی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود پانی کی نکاسی نہ کی جاسکی ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری عملی اقدامات کامطالبہ کیا ہے ۔

فیروز پور روڈ  پرغوثیہ کالونی تالاب کامنظر پیش کرنے لگا ، سیوریج کاپانی گھروں اوردکانوں میں داخل ہو گیا ۔ بارش کے باعث علاقے میں ٹریفک کی آمدورفت شدید متاثر ہوگئی ہے ۔ 
رہائشیوں نے انتظامیہ سے پانی کی نکاسی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

مزیدخبریں