ویب ڈیسک:پاکستان ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کبریٰ خان کی نئی لک نے مداحوں کو حیران کردیا، دلہن کے روپ میں نئی ویڈیو اور تصاویر پر وائرل ہوگئیں، سوشل میڈیا صارفین اور شوبز سلیبرٹیز کی جانب سے ویڈیو اور تصاویر کو خوب پسند کیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق ڈرامہ سیریل 'سنگِ مرمر' میں 'شیریں' نامی بھولی بھالی لڑکی کا کردار نبھانے والی اداکارہ کبریٰ خان اپنی دلکشی اور منفرد لہجے کے سبب سب کے دلوں پر راج کرتی ہیں، کبریٰ خان کے مداح انکی شادی کے حوالے سے متجسس ہیں کہ وہ کس کے لیے تین مرتبہ 'قبول ہے' کہیں گی لیکن اداکارہ ان سب سے باتوں سے بے فکر اپنی زندگی میں مست مگن نظر آتی ہیں۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر کبریٰ خان کی عروسی جوڑے میں ملبوس تصاویر وائرل ہوئیں جس کے بعد دلہا کی تصاویر بھی منظرِ عام پر آگئیں اور مداح حیران رہ گئے کہ اداکارہ نے کسی انگریز لڑکے سے شادی کرلی ہے کیونکہ شادی کی تقریب پاکستانی طرز کی نہیں تھی۔
اب کبریٰ خان کے نئے برائیڈل فوٹوشوٹ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے جس میں وہ دلکش سرخ جوڑے میں روایتی پاکستانی دلہن بنی نظر آئیں اور گھونگٹ اوڑھے شادی کے ہال میں انٹری دیتی دکھائی دیں،ان کے ساتھ نظر آنے والے ماڈل نے آف وائٹ شیروانی اور سرخ پگڑی پہنی۔
اس ویڈیو میں بھی کبری خان لندن کے مشہور کلاتھنگ برانڈ 'کرسٹل لندن برائیڈل اسٹوڈیو' کا ہی عروسی جوڑا پہنی ہوئی ہیں اور اس سے قبل وائرل ہونے والے برائیڈل فوٹوشوٹ میں بھی پہنا گیا سفید گاؤن اسی برانڈ کا تھا۔