سٹی42: بجلی کے زائد بلوں کے خلاف ہفتہ کے روز بھی ملک بھر میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے جبکہ کئی شہرں میں تاجروں نے ہڑتال کی۔
جماعت اسلامی کی کال پر بڑے شہروں میں ہڑتال
جماعت اسلامی کی کال پر بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف کراچی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔
بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف جماعت اسلامی کی کال پر ملک گیر ہڑتال دیکھنے میں آئی، کراچی، حیدرآباد، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں بڑے بازار اور تجارتی مراکز بند رہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور ملتان سمیت کئی شہروں میں جزوی ہڑتال رہی۔ کراچی میں صدر، بولٹن مارکیٹ اور اس سے ملحقہ تمام تھوک بازار بند رہے، اس کے علاوہ بھی شہر کی چھوٹی بڑی تمام مارکیٹیں بند رہیں۔
اندرونِ سندھ ہڑتال
حیدرآباد ، میرپور خاص، سکھراورلاڑکانہ میں بھی تمام بڑے بازار بند رہے، ملک کے مختلف شہروں میں ہڑتال کے دوران بجلی کے بلوں کیخلاف مظاہرے بھی ہوئے۔
مختلف شہروں میں وکلا نے بھی عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا۔
پنجاب میں ہڑتال
لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں بڑے بازار اور تجارتی مراکز بند رہے۔ گوجرنوالا، سیالکوٹ، جھنگ، جہلم، جہانیاں، شکر گڑھ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دکانوں پر تالے اور بازار بند رہے۔
فیصل آباد میں بھی بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرین ہاتھوں میں بجلی کے بل اور گلے میں میٹر لٹکائے سڑک پر آ گئے۔
بلوچستان میں ہڑتال
چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، لورالائی، زیارت، ہرنائی سمیت بلوچستان میں بھی شٹرڈاؤن ہڑتال رہی اور عوام بھاری بلوں کے خلاف سراپا احتجاج رہے۔
خواجہ سراوں کا احتجاج
خواجہ سرا بھی میدان میں آگئے، راولپنڈی میں خواجہ سراؤں نے بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے مری روڈ کو بلاک کرکے نعرے بازی کی جس سے ٹریفک روانی متاثر ہوئی۔
راولپنڈی شی میل ایسوسی ایشن کی چئیرپرسن الماس بوبی کی کال پر خواجہ سراؤں کی بڑی تعداد اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) آفس مریڑ چوک آفس کے باہر جمع ہوئی اور اختجاج ریکارڈ کرایا۔