ویب ڈیسک: 14 اگست کو کینیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر کے ساتھ بدسلوکی کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر ولید اقبال کی زیر صدارت سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 14 اگست کو مینار پاکستان پر خاتون ٹک ٹاکر کے ساتھ بدسلوکی کیس پر پیش رفت اور ملک میں اس طرح کے بڑھتے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے انکشاف کیا گزشتہ دنوں کینیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر نے انہیں بتایا کہ 14 اگست کو لیک ویو پارک اسلام آباد میں ان کے ساتھ بھی بدسلوکی کی گئی تھی۔ کینیاکی ڈپٹی ہائی کمشنرنے سینیٹر مشاہد حسین سید کو بتایا کہ ان کے ساتھ ڈرائیور اور ایک ساتھی بھی تھا، اس کے باوجود لوگوں نے ان کے بال نوچے اور ہاتھا پائی کی۔چیئرمین کمیٹی نےکہا کہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، اس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ایک ماحول بنتاجارہا ہے اور اب غیرملکی سفارت کار بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں، ہم سیاحت کےفروغ کی بات کرتےہیں لیکن ان حالات میں کون یہاں آئےگا۔