حریت رہنما سید علی گیلانی کی غائبانہ نمازجنازہ ادا

2 Sep, 2021 | 03:45 PM

Ibrar Ahmad

وسیم احمد : حریت کانفرنس کےسربراہ سید علی گیلانی کی وفات پرصوبائی دارالحکومت میں بھی سوگ,قومی پرچم سرنگوں رہا۔ جماعت اسلامی، تحریک انصاف اور لاہور ہائیکورٹ میں حریت لیڈر کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی۔ 
 تفصیلات کے مطابق  صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مرحوم حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کی۔ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی غائبانہ نمازِ جنازہ قومی اسمبلی کے گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔ منصورہ میں حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ  امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے ادا کروائی۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی کرنسی ایسی نہیں تھی جس سے سید علی گیلانی کو خریدا جاتا، آج بھی کشمیریوں کی قبروں پر پاکستان کے جھنڈے ہیں۔

تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے دفتر میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔سینٹرل پنجاب کے صدر سینٹر اعجاز احمد چودھری نے نماز جنازہ ادا کروائی۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں بھی سید علی گیلانی کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی۔ غائبانہ نمازِجنازہ میں ہائیکورٹ بار کےعہدیداروں نے شرکت کی۔ وکلاء نے سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ کشمیری حریت رہنما کے انتقال پر لاہور میں قومی پرچم سرنگوں رہا۔ پنجاب اسمبلی، ٹاؤن ہال اور ڈی سی آفس میں بھی قومی پرچم کو سرنگوں کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں