ویب ڈیسک : حریت پسند رہنما سید علی گیلانی کو سپرد خاک کر دیا گیا، بھارتی فورسز نے قبرستان کو بھی سیل کر دیا۔بھارتی فورسز نے سید علی گیلانی کی تدفین شہدائے قبرستان میں نہیں ہونے دی۔
تفصیلات کے مطابق بزرگ حریت رہنما سید علی کو سخت سکیورٹی میں آج صبح سپردخاک کیا گیا، قابض بھارتی فورسز نے جنازے اور تدفین میں صرف پڑوسیوں اور قریبی رشتے داروں کو شرکت کی اجازت دی، سید علی گیلانی کو حیدر پورہ کے قبرستان میں صبح ساڑھے 4 بجے سپرد خاک کیا گیا، بھارتی فورسز نے حیدر پورہ قبرستان کو بھی سیل کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علی گیلانی کی تدفین کےدوران صرف قریبی رشتہ داروں کوشرکت کی اجازت دی گئی۔ جبکہ سید علی گیلانی کی تدفین بھارتی ملٹری حصار میں کی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں شریک ہونے والوں کو شہید رہنما کی آخری جھلک دیکھنے کی اجازت دی گئی۔ حریت رہنما سید علی گیلانی کے اہلخانہ ان کی تدفین سرینگر میں شہدائے قبرستان میں کرنا چاہتے تھے۔
دوسری جانب بھارتی مظالم کیخلاف کشمیری عوام سے گھروں سے باہر نکلنے اپیل کردی ہے، حریت رہنماوں نے مقبوضہ وادی کے کونے کونے میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے سید علی گیلانی کو گزشتہ12 برس سے سرینگر میں گھر میں مسلسل نظر بند کر رکھا تھا جسکی وجہ سے انکی صحت انتہائی گر چکی تھی۔