ویب ڈ یسک :معروف کشمیری حریت رہنما اور جدوجہد آزادی کشمیر کے اہم ستون سید علی گیلانی 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بزرگ حریت رہنماسیدعلی گیلانی کے انتقال پرایک روزہ قومی سوگ کااعلان، پاکستانی پرچم کل سرنگوں رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئےکہاکہ ان کی اچانک رحلت کاسن کر افسوس ہوا ہے۔ اور اعلان کیا ہے کہ سید علی گیلانی کے انتقال پر آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور آج سرکاری سطح پر یوم سوگ منایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی میں گزاری۔ اپنی زندگی میں انہوں ںے قابض بھارت کا ریاستی جبر سہا اور اذیتیں برداشت کیں لیکن اس کے باوجود پرعزم رہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں ان کی جرات مندانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے الفاظ یاد رہیں گے کہ ‘ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے’۔
معروف کشمیری حریت رہنما اور جدوجہد آزادی کشمیر کے اہم ستون سید علی گیلانی 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ سید علی گیلانی 29 ستمبر 1929 کو پیدا ہوئے تھے اور وہ تحریک حریت جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی تھے۔حریت رہنماسید علی گیلانی گزشتہ کئی سال سےگھر میں نظربند تھے۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوج کے جابرانہ قبضے کے سخت مخالف تھے۔ حریت رہنماسید علی گیلانی نے کئی سال تک کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی قیادت کی۔ وہ پہلے جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے رکن تھے لیکن بعد میں انہوں نے تحریک حریت کے نام سے اپنی جماعت قائم کر لی تھی۔ سید علی گیلانی 1972، 1977 اور 1987 میں تین مرتبہ جموں و کشمیر کے حلقہ سوپور سے کشمیر اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے۔