( فاران یامین ) چڑیا گھر میں موجود ہنوط شدہ جانوروں کا میوزیم شہریوں کی توجہ کا مرکزبن گیا، اس میوزیم میں 70 سے زائد جانور محفوظ کئے گئے ہیں۔
لاہور چڑیا گھر میں جہاں زندہ جانور بچوں کو تفریح اور معلومات فراہم کررہے ہیں وہیں ہنوط شدہ جانور بھی معلومات کا ذریعہ ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر کرن سلیم کے مطابق ہنوط شدہ جانوروں کے میوزیم میں 70 سے زائد جانور رکھے گئے ہیں۔ ان میں گھڑیا ایسا جانور ہے جو اس وقت چڑیا گھر میں موجود نہیں ہے۔
چڑیا گھر میں سفید شیر کے بچے سب سے چھوٹے ہنوط شدہ جانور ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کرن سلیم کا کہنا ہے کہ دیکھنے کی صلاحیت سے معذور بچوں کے لیے یہ جانور زیادہ اہم ہیں، ہاتھ سے چھو کر یہ بچے جانور کی جسامت کا اندازہ لگاتے ہیں۔
شہریوں نے لاہور چڑیا گھر میں ہنوط شدہ جانور کا میوزیم بنانے پر انتظامیہ کے اقدام کو سراہا۔ اس میوزیم میں بائیو آرٹیفکٹ میں سینگ، سانپ کی کھال موجود ہیں جبکہ چنکارہ، لاما اور سامبر ہرن کے سر اور شتر مرغ کے انڈے بھی ہنوط شدہ شکل میں موجود ہیں۔