( ریحان گل ) پنجاب کے 8 اضلاع کے دیہی علاقوں میں واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کا بڑا منصوبہ، ورلڈ بینک محکمہ بلدیات کو 200 ملین ڈالر آسان قرض فراہم کرے گا۔
محکمہ بلدیات پنجاب نے ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کے 8 اضلاع کے دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی اور سینی ٹیشن کی بہتری کیلئے بڑا منصوبہ تیار کیا ہے، جس کیلئے 250 ملین ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
200 ملین ڈالر ورلڈ بنک آسان اقساط پر قرض فراہم کرے گا جبکہ 50 ملین ڈالر پنجاب حکومت کا حصہ ہوگا۔ محکمہ بلدیات نے قرض کے حصول کیلئے کاغذی کارروائی شروع کردی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے اربن ریور راوی پراجیکٹ کو مرحلہ وار مکمل کرنے کے لئے کام کا آغاز کردیا ہے، پہلے مرحلے میں ماسٹر پلان کے مطابق 3 ہزار سے 10 ہزار ایکڑ کو مختلف زونز کا نام دیا جائے گا۔ پراجیکٹ کے تحت راوی کی قدیم شان و شوکت کو بحال کرنا اور گردو نواح سے آلودگی کا خاتمہ کیا جائے گا۔ دریا میں گرنے والے سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کے ذریعے صاف کرکے آبی آلودگی کا خاتمہ کرتے ہوئے ماحول دوست بنایا جائے گا، بڑھتی ہوئی آبادی کے دباؤ کو کم بھی کیا جائے گا۔
راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے انویسٹرز، ڈویلپرز اور کنسورشیم کمپنیوں سے منصوبہ کے ڈیزائن کی تیاری اور سٹیٹ آف دی آرٹ ڈویلپمنٹ کیلئے سفارشات بھی طلب کرلی ہیں۔ اس منصوبے کے تحت دریائے راوی کی بحالی سے زیر زمین پانی کی سطح بلند ہونے سے شہر میں پینے کے پانی کے مسئلہ پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔