سٹی42: اسرائیل تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا حماس کے رہنما یحییٰ سنوار زخمی، ہلاک تو نہیں ہو گئے یا انہیں حملے سے بچانے کے لئے بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع کیا گیا۔
اسرائیل نے 27 ستمبر کو بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹرز پر حملہ کر کے حسن نصراللہ کو ان کے ساتھیوں سمیت مار دیا تھا جس کی تصدیق ایک ہی دن بعد ہو گئی تھی۔ اس حملے کے بعد اپنی پہلی پبلک گفتگو میں اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اب جبکہ حماس کے لیڈر یحیٰ سنوار کو جتنا زیادہ آگاہی ہو گی کہ حسن نصراللہ اس کی مدد کو نہیں آئے گا، اتنا ہی زیادہ یرغمالیوں کو رہا کئے جانے کے امکانات بڑھیں گے۔ لیکن اس واقعہ کے بعد سے اب تک یرغمالیوں کی رہائی کے مذاکرات جہاں تھے وہیں کے وہیں ہیں۔
اسرائیل کے اخبار ہاآرتز نے بتایا ہے کہ حماس کے لیڈر یحیٰ سنوار اور بیرونی دنیا کے درمیان رابطہ حال ہی میں رک گیا ہے، جس کی وجہ سے اسرائیلی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ اس بات کی تحقیقات کرنے پر مجبور ہو گئی کہ آیا وہ غزہ کے ٹنل سسٹم پر فضائی حملے میں زخمی ہو گئے تھے یا کہ یحیٰ سنوار نے سکیورٹی بہتر بنانے کے لئے جان بوجھ کر اپنے رابطے منقطع کر رکھے ہیں۔
ہاآرتز کا کہنا ہے کہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کا طویل عرصے سے اپنی تنظیم سے باہر کسی سے رابطہ نہیں ہے۔ اسرائیل کی انٹیلیجنس کو یقین ہے کہ یحیٰ سنوار 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں ہونے والے قتل عام کے بعد سے غزہ کی سرنگوں میں چھپے ہوئے ہیں، اور اسرائیلی تعاقب سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تقریباً 11 مہینوں تک، سنوار نے سرنگوں کے باہر اپنے کارکنوں کے ساتھ اور بالواسطہ طور پر، اسرائیل کے ساتھ یرغمالیوں کے معاہدے میں ثالثی کرنے والے ممالک کے ساتھ، عام طور پر خاص پیغام بروں کے ذریعے رابطہ قائم رکھا۔
تاہم حال ہی میں سنوار اور بیرونی دنیا کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ رابطہ کے اس فقدان نے فریقین کی پوزیشنوں کے درمیان اہم خلا کی وجہ سے پہلے سے مشکل مذاکرات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
اسرائیل کی سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا سنوار غزہ کے سرنگوں کے نظام پر ہونے والے بھاری فضائی حملے میں سے ایک میں زخمی ہوا تھا، یا اس نے جان بوجھ کر رابطہ منقطع کر لیا تھا تاکہ نشانہ بننے کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔حالیہ مہینوں میں، آئی ڈی ایف اور شن بیٹ نے حماس کی اہم ترین عسکری قیادت کو ہلاک کیا ہے، جن میں محمد دیف، مروان عیسیٰ اور ایمن نوفل شامل ہیں۔ سنوار اور ان کا بھائی محمد ابھی تک محفوظ ہیں، اور ان کی تلاش جاری ہے۔
ہآرتیز نے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے ان علاقوں میں سرنگوں پر بمباری کی ہے جہاں خیال کیا جاتا ہے کہ سنوار چھپے ہوئے ہیں۔ تاہم، انہوں نے نوٹ کیا کہ اس بات کا کوئی واضح ثبوت نہیں ہے کہ بمباری سے سنوار کو نقصان پہنچا ہے، کیونکہ ان کی کوئی باقیات نہیں ملی ہیں۔ جنگ کے دوران اس سے قبل بھی ایسے واقعات ہو چکے ہیں جب سنوار نے رابطہ منقطع کر دیا تھا۔
آئی ڈی ایف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے پاس سنوار کے حوالے سے شبہات کی تصدیق یا تردید کرنے والی کوئی معلومات نہیں ہیں۔