سٹی42: لاہور اور پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کا احتجاج ہر بار بری طرح ناکام ہو گیا، جیل سے کالیں آتی ہیں کہ آگ لگا دو۔ لیکن ہم جلاؤ گھیراؤ نہیں ہونے دیں گے۔ یہ باتیں پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بدھ کے روز لاہور میں "اپنی چھت اپنا گھر" سکیم کے لئے سرکاری قرضے جاری کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آج پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سے احتجاج کے لئے کہا گیا تھا لیکن کسی شہر میں احتجاج نہیں ہوا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دن رات کام کررہے ہیں۔ ملک ٹیک آف کرگیا ہے لیکن اب بھی کچھ لوگ انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کا پورا فوکس جلاؤ گھیراؤ ، مار دو، مرجاؤ پر ہے۔
گالم گلوچ کے جواب کا وقت نہیں!
اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا، میں کسی کی گالم گلوچ کا جواب نہیں دینا چاہتی نہ میرے پاس وقت ہے۔ انھوں نے بار بار پنجاب میں احتجاج کی کال دی کے پی کے سے لوگوں کو پکڑ پکڑ کر لاتے ہیں۔ لاہور میں جلسہ کیا پورے پنجاب سے دوہزار بندہ بھی گھر سے باہرنہیں نکلا۔میری پنجاب پولیس کے جوانوں کے سر پھاڑے، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ایک صوبے کے مقابلے میں دوسرا صوبہ کر کھڑا کردیں گے، تو ایسا نہین ہو گا۔ ہم سب پاکستانی ہیں۔
مریم نواز نے پی ٹی آئی کے بانی پر نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا، کبھی سنا کہ انھوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرو لوگوں کی مشکلات ختم کرو۔میں نے تو نہیں سنا کہ خیبر پختونخوا میں ہیلتھ کارڈ دے دو، روٹی سستی کر دو ، کسان کارڈ دے دو۔ جب بھی سنا یہی سنا کہ لوگوں کا سر پھاڑ دو ، جلاؤ گھیراؤ کرلو۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ میں سیاسی لوگوں میں سے ہوں ، سیاست کی اجازت مل سکتی ہے لیکن دہشت گردی کی اجازت نہیں ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پنجاب کی ہسپتالوں میں ہارٹ سرجری کا علاج کروانے کے لئے کے پی کے سے لوگ آرہے ہیں۔ انہوںنے پختون شہریوں سے کہا کہ آپ نے علاج اور روزگار کے لئے آنا ہے تو میرے صوبے کے دروازے کھلے ہیں۔
مریم نواز نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا نام لئے بغیر کہا کہ یہ پنجاب کیوں آرہے ہیں ان کو پتہ ہے پنجاب کی حکومت چل گئی تو یہ فارغ ہوجائئیں گے۔ ان کو پتہ ہے ترقی کو روکنا کیسے ہے، انتشار کیسے پھیلانا ہے۔
پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 9 مئی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی زمان پارک میں اپنی آنکھ ضائع کروا بیٹھے تھے۔ عوام کے سامنے جلاؤ گھیراؤ کی سیاست دم توڑ رہی ہے۔ بہت جلدی یہ قصہ پارینہ بن جائیں گے۔