ویب ڈیسک : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات ہوئی ۔
وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے کہ آپ نے دنیا بھر کو اسلام کا صحیح تشخص سے روشناس کروایا ، یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ آپ کے سامعین میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے ، میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں جو کہ انتہائی پر معز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی آپ کے نقش قدم پر چل رہا ہے اور دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے 2006 میں ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا ۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیراعظم سے گفتگو میں کہا کہ میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور ابھی تک اس کی یادیں تازہ ہیں، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو کہ اسلام کے نام پہ بنا ، اسلام ایک مکمل ضابطہء حیات ہے جو ہمیں ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے ، اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے، میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں ۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ وہ اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دیں گے ، وزیر اعظم نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔