سٹی42:وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کردی گئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد مسافروں کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے،صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کے کرائے میں کمی کر دی گئی ہے، کرایوں میں 20 روپے سے 190 روپے تک کمی کر دی گئی ہے،لاہور سے کراچی کے کرائے میں 190 روپے کمی کر دی ہے۔
لاہور سے پشاور تک کے کرائے میں 50 روپے،لاہور سے راولپنڈی کے کرائے میں 20 روپے کمی کر دی ہے،پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے پر کرایوں میں کمی کی جاتی ہے، مریم نواز کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا تمام بس اڈوں پر نئے کرایہ ناموں کے بورڈ آویزاں کر دیے گئے ہیں،پنجاب کے ٹرانسپورٹرز حضرات کے بھی مشکور ہیں وہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہیں،مسلسل پانچویں مرتبہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کی جا رہی ہے،باقی صوبوں کو بھی پنجاب حکومت کو فالو کرتے ہوئے پٹرول و ڈیزل سستا ہونے پر کرایوں میں کمی کرنی چاہیے۔