میں اور میری فیملی مضبوطی سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں: پرویز الہٰی

2 Oct, 2024 | 03:04 PM

سٹی42ؒ:پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ،اینٹی کرپشن کورٹ نے پرویز الٰہی اور دیگر کیخلاف مقدمہ کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی، احتساب عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے چوہدری پرویز الہٰی  نے کہا موجودہ سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔

تفصیلات کےمطابق چوہدری پرویز الہٰی حاضری کے لئے اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش ہوئے،عیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی، پرویز الہی کے شریک ملزم حیدر شفاعت کی غیر حاضری کے باعث فرد جرم عاید نہ ہو سکی،عدالت نے ملزم حیدر شفاقت کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے،اینٹی کرپشن کورٹ کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر سماعت کی،پرویز الہٰی  کی جانب سے عامر سعید راں اور مختار احمد رانجھا ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

مرکزی صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہٰی نے احتساب عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ عمران خان اب صرف پاکستان کے لیڈر نہیں بلکہ دنیائے اسلام کے لیڈر بن چکے ہیں،اقوام متحدہ میں اصل خطاب تو عمران خان کا تھا، دنیا ان کی آواز سنتی ہے، عمران خان نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اس طرح کا سلوک رکھا گیا تو ہمارے پاس اور کوئی چوائس نہیں۔
ساری پاکستانی قوم اور مسلم امہ ایک طرف کھڑے ہو جائیں گے،ہر سچے پاکستانی کی طرح، میں اور میری فیملی مضبوطی سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عوام خود ہی اپنے ہیرو کیلئے باہر نکلتی ہے،موجودہ سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔

چودھری پرویز الہٰی کا کہناتھا کہ پاکستان میں سیاست کی کنجی آج بھی عمران خان کے ہاتھ میں ہے، عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں و کارکنوں پر جتنے مرضی جھوٹے پرچے کروا لیں لیکن اب ظلم کے بادل چھٹنے والے ہیں،عدلیہ پر پورا یقین ہے، انشاء اللہ جلد ہی عمران خان دوبارہ عوام کے درمیان ہوں گے۔
عمران خان کی دشمنی میں صحت کارڈ سکیم ختم کر کے پنجاب حکومت روزانہ ہزاروں غریب مریضوں کو موت کے منہ میں دھکیل رہی ہے،پنجاب کے کاشت کار آج رُل گئے ہیں، کوئی ان کا والی وارث نہیں،آج دوسروں کیلئے اناج اگانے والوں کے اپنے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں.
 

مزیدخبریں