ویب ڈیسک: بھارتی سپر سٹار 73 سالہ رجنی کانت کو پیر کی رات گئے پیٹ میں شدید تکلیف کے باعث ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے ان کی صحت سے متعلق ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔
ہسپتال کی جانب سے شیئر کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اداکار کے دل سے منسلک ایک بڑی خون کی نالی میں سوجن تھی اور ڈاکٹروں کو اسے ٹھیک کرنے کے لیے ایک نان سرجیکل پروسیجر کرنا پڑا۔
چنئی کے گریمس روڈ پر واقع اپولو ہسپتال کے جاری کردہ بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ سوجن کو ختم کرنے کے لیے اداکار کے دل کے اندر ایک اسٹنٹ لگایا گیا ہے، رجنی کانت کی طبیعت اب ٹھیک ہے اور وہ کچھ دنوں میں ہسپتال سے ڈسچارج ہوجائیں گے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ 'مسٹر رجنی کانت کو 30 ستمبر 2024 کو اپولو ہسپتال، گریمس روڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے دل (شہ رگ) سے نکلنے والی اہم خون کی نالی میں سوجن تھی، جس کا علاج غیر سرجیکل، ٹرانسکیتھیٹر طریقہ سے کیا گیا تھا، سینئر انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر سائی ستیش نے شہہ رگ میں ایک اسٹنٹ لگایا جس نے سوجن کو مکمل طور پر بند کر دیا (اینڈواسکولر ریپیئر)'۔
ہسپتال حکام کا کہنا تھا کہ ہم ان کے خیر خواہوں اور مداحوں کو بتانا چاہیں گے کہ پروسیجر پلان کے مطابق انجام پایا، مسٹر رجنی کانت کی حالت مستحکم ہے اور ٹھیک ہورہے ہیں، وہ دو دن بعد اپنے گھر میں ہوں گے۔