وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سپیشل ایجوکیشن داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

2 Oct, 2023 | 04:25 PM

سعود بٹ :  نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی مقامی ہوٹل آمد،سپیشل ایجوکیشن داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ 

تفصیلات کےمطابق محسن نقوی نے سپیشل بچوں کو معاون آلات کی تقسیم کے پراجیکٹ کا بھی آغاز کر دیا۔  محسن نقوی نے سپیشل بچوں کو وہیل چیئرز،ہیئرنگ ایڈ اور سفید چھڑی دیں۔ 

وزیراعلیٰ نے تعلیم اور سپورٹس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سپیشل طلبہ کو میڈل اور انعامات دئیے۔  وزیراعلی محسن نقوی نے تقریب میں سپیشل بچوں کی بنائی ہوئی دستکاریوں، پینٹنگ اور ملبوسات کے سٹالز کا معائنہ کیا۔ 

محسن نقوی کو سپیشل بچے ابراہیم نے ہاتھ سے بنایا ہوا ان کا پورٹریٹ پیش کیا، محسن نقوی نے پینٹنگ دیکھ کر اظہار مسرت کیا اور  ننھے مصور ابراہیم کو پیار کیا۔ محسن نقوی نے ننھے سپیشل مصور ابراہیم کو اپنی جیب سے 50ہزار روپے کا انعام دیا۔ 

سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی تقریب میں اشاروں کی زبان میں قومی ترانہ پیش کیا۔ 

 محسن نقوی نے گلوبل پارٹنر شپ کے نمائندے انیسہ قبورے کو یادگاری شیلڈ دی۔ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کیا اور اشاروں کی زبان میں بھی ترجمہ پیش کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ سپیشل بچوں کی خدمت کے کار خیرشریک تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتاہوں۔سپیشل بچوں کا خیال رکھنا ہمارا دینی اور دنیاوی فرض ہے۔ محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے لئے جو بھی کرنا پڑا فرض سمجھ کر کریں گے۔ جوہرٹاؤن اور دیگر علاقوں میں نئے سپیشل سنٹر بنا رہے ہیں۔ پنجاب کابینہ سپیشل ایجوکیشن کے ہر پراجیکٹ کو بلا تاخیر منظور کر دیا جائے گا۔سپیشل بچوں کے لئے کام کو فرض کو عبادت سمجھ کر کیا جائے گا۔

انہوں نےمزید کہا کہ پائلٹ سکو ل وحدت روڈ کا دورہ کیا حالات دیکھ کر ذاتی طور پربہت تکلیف ہوئی۔ پائلٹ سکول وحد ت روڈ میں 1650بچے ہیں اور 60ٹیچرز تعینات ہیں۔ پائلٹ سکول وحدت روڈ کے60ٹیچر میں سے 35الیکشن ڈیوٹی اور باقی چھٹیوں پر ہیں۔ پائلٹ سکول وحدت روڈ کے 1650طلبہ کو10سے15ٹیچرز پڑھا رہے ہیں۔
پائلٹ سکول کا معیار انتہائی ابتر ہے اور ہم لوگ ہی اس کے ذمہ دارہیں،بچوں کا کیا قصور ہے۔ سکول کے حالات ٹھیک کرنا ہمارا فرض ہے۔ معیار تعلیم اور سکول کی حالات کی ابتری کا ذمہ دارمحکمہ تعلیم،سیکرٹری اور منسٹر بھی ہیں۔پائلٹ سکول وحدت روڈ میں اختر رسول،قاری صداقت علی،جنرل ظہیر، جنرل بلال اور جنرل نوید انجم بھی زیر تعلیم رہے۔ پائلٹ سکول وحدت روڈ کے ساتھ جتنا بدترین سلوک کیا جا سکتا تھا، کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹنگ کر لیتے ہیں،پریس ریلیز جاری کردیتے ہیں اور سب اچھا کہہ دیتے ہیں لیکن حالات انتہائی برے ہیں۔فلٹریشن پلانٹ کو چیک کیا،بچوں کو پانی کے نام پر زہر پلایا جارہا تھا۔ ایک کلاس میں جا کر معلوم ہوا کہ بچوں کا اسلامیات کا پیپر ہے اور انہوں نے کچھ پڑھا یا ہی نہیں۔ کتابیں اور کاپیاں خالی پڑی ہوئی ہیں لیکن پڑھانے والا کوئی نہیں۔اگر کلاس میں ٹیچر آتا بھی ہے تو موبائل پر لگارہتا ہے یاسو جاتا ہے۔ پائلٹ سکول وحدت روڈ کی اس بری حالت کا ذمہ دارمیڈیا بھی ہے کیونکہ انہوں نے اس مسئلے کو کبھی اٹھایا ہی نہیں۔ میڈیا جب کسی کام کے پیچھے پڑجاتا ہے تو اس کا پوری طرح پیچھا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرسٹ اور سکینڈائیر کے لئے 7سالوں میں ایک ٹیچربھی تعینات نہیں ہوا۔ صرف اسی سکول کی بدترین حالت پورے محکمہ تعلیم کی عکاسی کرتی ہے۔
محکمہ تعلیم میں ساڑھے پانچ لاکھ ملازمین ہیں،سکول ٹھیک نہیں کر سکتے تو بند کر دیں۔ اگر اس طرح سے سکول چلانے ہیں تو بند کر دئیے جائیں۔ یہ ہمارے لئے سبق ہے کہ دفتر میں بیٹھ کر اچھے رزلٹ نہیں آتے۔ ہماری بھی یہ ناکامی ہے کہ ہمیں 8ماہ ہو گئے ہیں اوراس سکول کا آج پتہ چلا۔

محسن نقوی نے گلوبل پارٹنر شپ کے نمائندے انیسہ قبورے اور سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزراء عامر میر،منصور قادر،اظفر علی ناصر،کمشنر لاہور اور دیگرمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

مزیدخبریں