ویب ڈیسک: روس سے رعایتی نرخوں پرخام تیل اور پڑولیم مصنوعات کی درآمد کا معاملہ، روس سے ایک لاکھ میٹرک ٹن خام تیل کا دوسرا کارگو پاکستان پہنچ گیا۔
حکام وزارت توانائی کے مطابق روس سے دوسرا خام تیل کا کارگو پاکستانی ریفائنری سنرجیکو نے درآمد کیا۔ ایک لاکھ میٹرک ٹن خام تیل کو ایس پی ایم کے ذریعے گہرے سمندر میں آف لوڈ کیا گیا۔ پاکستان کی سب سے زیادہ ریفائننگ صلاحیت کی حامل سنرجیکو پٹرول اور ڈیزل بنا کر پاکستان میں فروخت کرے گی ۔ روس سے درآمد شدہ تیل سے پیدا ہونے والا فرنس آئل عالمی مارکیٹ میں فروخت کیا جائے گا۔ روس کی جانب سے درآمد کیے گئے تیل سے دس سے پندرہ فیصد زر مبادلہ کی بچت ہو گی۔
واضح رہے کہ 21 جون کو پی آر ایل ریفائنری نے روس سے رعایتی نرخوں پر پہلا کارگو درآمد کیا تھا۔ روس سے طویل المدتی معائدے کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لیے پاکستانی وفد 10 اکتوبر کو روانہ ہو گا۔ پاکستان کو معاہدے کے تحت روس سے 60 ڈالر فی بیرل تیل ملنے کی توقع ہے۔