سٹی42:مستونگ میں عید میلاد النبیﷺ پر ہونے والے خودکش حملے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، شہدا کی تعداد 60 ہوگئی۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے سانحہ مستونگ کے متاثرین کیلئے امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق دہشتگردی کے حملے میں شہید ہونے والے افرادکے لواحقین کو 15-15 لاکھ، شدید زخمیوں کو 5-5 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 2-2 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔
آرمی چیف نے بلوچستان میں دہشتگردی کے بعد دورے کے دوران عزم کا اظہار کیا کہ ہر شہید کا بدلہ لیں گے، مستونگ واقعے کے تانے بانے اگر بھارت سے ملے تو بھرپور جواب دیں گے۔
گزشتہ روز نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور دہشتگردوں کی نانی ایک ہے، اس واقعہ کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی "را" ہے۔
12 ربیع الاول کے روز عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک میں دہشتگردی کے دو مختلف واقعات پیش آئے تھے۔
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ڈی ایس پی مستونگ سمیت 52 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کی تحصیل دوآبہ میں تھانے کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے تھے۔