(ویب ڈیسک)پاک انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز ، انگلینڈ نے ساتویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو67 رنز سے شکست دے کر سات میچوں کی سیریز چار تین سے جیت لی ۔
210 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 142 رنز بناسکی ،شان مسعود 56، خوشدل شاہ 27 ،افتخار احمد 19 رنز بناکر نمایاں رہے۔بابر اعظم، محمد رضوان ، آصف علی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے فیصلہ کن میچ میں قومی ٹیم کی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے قائد معین علی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 210 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے انتہائی ناقص بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا، کپتان بابر اعظم صرف 4 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر ہیری بروک کو کیچ دے بیٹھے جبکہ محمد رضوان 1 رن پر ریسے ٹاپلے کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین افتخار احمد تھے جو 19 رنز بناکر ڈیوڈ ویلے کی گیند پر فل سالٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، خوشدل شاہ نے 1 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے 25 گیندوں پر 27 رنز بنائے اور عادل رشید کی گیند پر فل سالٹ کو کیچ دے بیٹھے۔
آصف علی ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کو سہارا دینے میں ناکام رہے اور صرف 7 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر ریسے ٹاپلے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، محمد نواز نے 9 رنز بنائے اور سیم کرن کا شکار بنے۔
انگلش ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے، ڈیوڈ ملان 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔