سعودی عرب میں غیر ملکی ٹرانسپورٹرز کیلئے سخت قوانین

2 Oct, 2021 | 01:53 PM

ویب ڈیسک: سعودی عرب میں غیر ملکی ٹرانسپورٹرز  کے لئے سخت قوانین متعارف کرادئیے گئے۔    
 رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے مقامی شہریوں کے نام سے ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرنے والے غیرملکیوں کے لیے نئے سخت  قوانین متعارف کرادئیے ہیں۔ نئے قانون کے مطابق سامان لادنے کے معاہدے صرف ان لوگوں کے ساتھ کیے جائیں گے جن کے پاس شاہراہوں پر سامان لانے  لے جانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجازت نامہ ہوگا۔

دوسری پابندی یہ لگائی گئی ہے کہ کارگو بل کی ادائیگی صرف پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی منظور شدہ دستاویز رکھنے والے ٹرک مالکان کو ہوگی۔ یہ قوانین نافذ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ مقامی شہریوں کے  نام سے کاروبار کرنے والے غیر ملکی  جو اصل ٹھیکے داروں سے درپردہ معاملہ طے کرکے کارگو سروس فراہم کررہے ہیں کو روکا جائے۔

تیسری اور اہم ترین پابندی یہ ہے کہ سعودیوں کے نام سے کاروبار کرنے والے غیرملکیوں کے ٹرکوں کو کسٹم میں آنے جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور اب اگر کوئی غیرملکی ڈرائیور جب ہیوی ڈرائیونگ لائسنس  کیلئے درخواست دے گا تو اس کے پاس پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ پروفیشنل کارڈ  ہونا لازمی ہے۔

دوسری طرف مقامی شہریوں کو راغب کرنے کے لئے ایک جانب تو 3.5 ہزار کلو گرام سے زیادہ وزن والی گاڑیوں کے مالک اداروں اور افراد کو مقررہ حد سے زیادہ سامان لادنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہیں ایک برس کے  لئے شاہراہوں پر سامان لانے لے جانے کا اجازت نامہ  جاری کیا جائے گا ۔

سعودی شہری پبلک ٹرانسپورٹ وہیکل رجسٹریشن کے اجرا اور نمبر پلیٹ کے اجرا  کے لئے  فیس سے مستثنا ہوں گے ان کی فیس حکومت ادا کرے گی۔ عمل درآمد نئے فیصلے پر  90 دن گزرنے کے بعد سے ہوگا۔

مزیدخبریں