ویب ڈیسک:چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کوچز کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں ریمبو کہہ کر مخاطب کرنے پر سندھ کوچ باسط علی کی کلاس لے لی۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی کوچز کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، رمیز راجہ نے سندھ کے ہیڈ کوچ باسط علی کو جھاڑ پلا دی۔ سندھ کوچ باسط علی نے رمیز راجہ کو ریمبو کہہ کر پکارا تو چیئرمین نے ان کی کلاس کردی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ باسط علی نے رمیز راجہ کو ”ریمبو“ کہہ کر مخاطب کیاتو رمیز راجہ نے باسط علی کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیا ہو گیا؟ مسٹر باسط، میں چیئرمین پی سی بی ہوں تم ہوش میں رہ کر بات کرو۔
باسط علی کی کلاس کے بعد سب کوچز سنجیدہ ہو گئے، ذرائع کے مطابق شاہد اسلم کی کوچنگ پر بھی چیئرمین پی سی بی خوب برسے اورکوچز کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوچنگ کریں دوستیاں مت نبھائیں۔
چئیرمین پی سی بی رمیز راجا نے چھ صوبائی ٹیموں کے کوچز سے ورچوئل میٹنگ کی۔ رمیز راجا نے صوبائی کوچز کو سلیکشن پر اپنے تحفظات سے آگاہ کرتےہوئےواضح کیا ہے کہ مستقبل میں سلیکشن معاملات میں ان کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔ بورڈمیں بہت کچھ تبدیل ہونے جارہا ہے جبکہ چیئرمین پی سی بی نے کوچز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جوکام کرے گا وہی بورڈ میں رہے گا، قومی ٹیم کی سلیکشن کے حوالے سے پالیسی آئندہ چند روز میں وضع کردی جائے گی۔